غیر قانونی ایجنسیوں کیخلاف کریک ڈاؤن ،171 استغاثہ جمع ،مقدمات درج 

لاہور(خبرنگار) ڈی سی لاہور، رافعہ حیدر کی ہدایت پر سول ڈیفنس کی ٹیموں نے شہر بھر میں غیر قانونی ایل پی جی دکانوں ، پٹرول و آئل ایجنسیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو تیز کر دیا۔ مارچ 2024 سے اب تک 171 استغاثہ جمع کئے گئے ہیں اور متعدد مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ لاہور میں 340 غیر قانونی ایل پی جی، پٹرول ایجنسیز اور آئل ایجنسیز کی انسپکشن کی گئی ہے، جس میں سے 117 غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی دکانوں اور 54 پٹرول ایجنسیز کے خلاف متعلقہ پولیس سٹیشنز میں استغاثہ جمع کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 13 غیر قانونی آئل ایجنسیز کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے واضح کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالی جا سکتیں اور شہر بھر میں غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی دکانوں اور آئل ایجنسیز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈی سی لاہور کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی دکانوں کی نشاندہی کر کے فوری طور پر سوشل میڈیا پر ٹیگ کر کے ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

ای پیپر دی نیشن