پی ایس کیو سی اے ملازمین کی ملک بھر میںہڑتال،انسینٹیو شیئر بحال کرنے کا مطالبہ

لاہور(کامرس رپورٹر ) پی ایس کیو سی اے کے افسران و ملازمین ششماہی بونس کی بند ش کیخلاف سراپہ احتجاج ہو گئے۔ سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر، ٹیکنیکل سروس سنٹر،کوالٹی کنٹرول سنٹر اور سسٹم سرٹیفکیشن سنٹر کے تمام ملازمین اپنے اپنے شعبہ جات کی مکمل تالہ بندی کرنے کے بعد اپنے دفتر کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے سالہا سال ملنے والا ششماہی بونس موجودہ حالات میں آکسیجن کا درجہ رکھتا تھا۔انتظامیہ نے بند کرکے ہمارا معاشی قتل اور استحصال کیا جارہا ہے۔ ملازمین نے کہا کہ بونس کی فوری بحالی کے بغیر کسی آفس کو کھولا جائیگا نہ کسی افسر کو کام کرنے کی اجازت دی جائیگی۔ ہر حکومت نے پی ایس کیو سی اے کو تجربہ گاہ بنائے رکھا اورڈائریکٹر جنرل کی سیٹ بھی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے جس کی وجہ سے معاملات سنگین ہوتے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے دفاتر کی تالہ بندی کی گئی ہے اور امپورٹ سیکشن کی مکمل بندش کی وجہ سے کاروباری افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پورٹ پر ایکسپورٹ اور امپورٹ کئے جانیوالے سینکڑوں کنٹینرز پھنس گئے۔اس ضمن میں سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی خرم اعجاز نے بتایا کہ ہڑتال کے باعث پی ایس کیو سی اے کی جانب سے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو کلئیرنس سرٹیفیکٹس روک دئیے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن