مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 2 نوجوان شہید، حریت رہنما فردوس احمد گرفتار

Apr 27, 2024

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فو ج نے شمالی کشمیر میں دو کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میںفوج نے جمعے کو نوجوانوں کو نوپورہ میں محاصر ے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔فوج نے علاقے میں ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی بھی کیا۔بھارتی فوج نے نوپور ہ میں آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔اوڑی میں فاروق احمد نامی نوجوان کو گرفتار کیا۔ بھارتی فورسز نے نوجوان کے قبضے سے ایک پستول ،دو میگزین اور بیس رائونڈ برآمدکرنے کا بھی دعوی کیا ہے ۔۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے تورنا اوڑی میں سڑک کے حادثے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔   کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما فردوس احمد شاہ کو گرفتار کر لیاہے۔حریت رہنما فردوس احمد شاہ کو بھارتی پولیس نے سرینگرشہر کے علاقے آبی گذر میں انکے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ دوسری جانب بھارتی خفیہ اداروں نے نام نہاد بھارتی انتخابات کے موقع پرجنوبی کشمیر میں ایک مسجد پر حملہ کر کے مسجد کی بے حرمتی اور توڑ پھوڑ کی ہے تاکہ کشمیری مسلمانوں کو باہم لڑایا جائے ۔ ترال قصبے کے ڈاڈسرہ میں جمعہ کی رات، نا معلوم افراد نے مقامی مزار اور ایک مسجد کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا کر بے حرمتی کرنے کی کوشش کی اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کی۔  مقبوضہ کشمیر کی عدالت نے آزاد کشمیر میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے 51  افراد کو بھارت سے بغاوت کے مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا ہے جبکہ چار افراد کی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔بھارتی قابض انتظامیہ نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں مزید 4کشمیریوں لطیف احمد بٹ،مشتاق احمد میر، غلام نبی گنائی اور ممتاز احمد خواجہ کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔  کل جماعتی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے آزادی پسند عوام غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں