قومی یکجہتی کی اشد ضرورت، منبر و محراب سے آواز بلند کی جائے: مولانا عبدالخبیر آزاد  

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں جمعہ  کے عظیم  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی  مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ اس وقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ علماء  کرام منبر و محراب کے ذریعے قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی و رواداری اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم  میاں محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودی دوستی و تعلقات میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ پاکستان کا ہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر ساتھ دیا جس کا ہم تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر الشیخ نواف بن سعید المالکی کے بھی ممنون ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاک سعودی دوستی اور تعلقات کو بہتر بنانے میں مثالی کردار ادا کیا۔ بعد نماز جمعہ ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، حرمین شریفین اور قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصیٰ کے تحفظ، عالم اسلام کے اتحاد، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا  کی گئی۔ 

ای پیپر دی نیشن