کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں سونے کے دام مزید بڑھ گئے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونے کی قیمت میں 2500 روپے کا بڑا اضافہ ہوا اور مقامی مارکیٹ میں جمعہ کو فی تولہ سونے کے دام 2 لاکھ 45 ہزار روپے پر پہنچ گئے۔ جبکہ 2143 روپے بڑھنے سے 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 10 ہزار 48 روپے ہوگئی۔ شرح سود میں متوقع کمی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے شرح سود میں کمی کے سبب سٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی قیمتیں زیادہ ہونے کی توقعات پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز جمعہ کو کاروبار حصص میں زبردست تیزی رہی اور مارکیٹ 72700 پوائنٹس کی ریکارڈ ترین بلند سطح عبور کرتے ہوئے 72742پوائنٹس تک پہنچ گئی۔ انڈیکس میں 771 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 65ارب روپے سے زائدکا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ملکی تاریخ میں پہلی بار 100کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 46.94فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ انٹر بینک میں گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 5پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قدر 278.55روپے سے کم ہو کر 278.50روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 279.69 روپے پر مستحکم رہی۔