امریکی یونیورسٹیوں میں اسرائیل مخالف مظاہرے، 100 سے زائد طلبہ گرفتار

Apr 27, 2024

تل ابیب+نیو یارک+ پیرس(آئی این پی) امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے یورپ تک پھیل گئے۔ پیرس میں درجنوں طلبہ نے سوربون یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا جب کہ یونیورسٹی میں تقریر کے لیے آئے فرانسیسی صدر سے فلسطینیوں کی مدد کا مطالبہ بھی کیا گیا، پولیس اورطلبہ میں جھڑپیں بھی ہوئیں ، 100سے زائد طلبہ کو گرفتارکر لیا گیا ،ادھر نیویارک میں طلبہ نے امریکی پرچم کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی لہرادیا جب کہ نیویارک کی سٹی یونیورسٹی اور یوٹی آسٹن کیمپس میں بھی احتجاج ہوئے،اس کے علاوہ ہارورڈ یونیورسٹی اورالینوائے کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی کیمپ قائم کیے گئے ہیں،بوسٹن کے ا یمرسن کالج میں احتجاجی کیمپ ہٹانے پر پولیس اورطلبہ میں جھڑپیں ہوئیں جس میں 100سے زائد طلبہ گرفتار ہوئے،پرسٹن یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی فائنل ائیر کے طالب علم حسن سید کو گرفتار کرلیا گیا،اٹلانٹاکی ایموری یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ کی چیئرپرسن نوئل میکافی بھی گرفتار ہوگئیں، ٹیکساس کے رکن ریاستی اسمبلی سلیمان لالانی نے کہا طلبہ کااحتجاج انسانیت کے تحفظ اور امن کے لیے ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اس وقت تک لڑائی جاری رہے گی جب تک حماس اور فلسطینی دھڑوں کے ہاتھوں میں یرغمالیوں کی واپسی نہیں ہو جاتی۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق گیلنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ یرغمالیوں میں سے 133 کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے، ہم لڑائی بند نہیں کریں گے۔ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے دوست ملکوں سے اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں