مہنگائی، شرح میں 1.10 فیصد کمی، 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا: ادارہ شماریات

Apr 27, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان برقرار رہا ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1.10 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح بھی کم ہوکر26.94 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کی ہفتہ واررپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ آلوکی فی کلو قیمت میں 1 روپے 40 پیسے، خشک دودھ 390 گرام 10 روپے 39پیسے ، برانڈڈویجیٹبل گھی فی کلو ساڑھے3 روپے، دال ماش فی کلو4 روپے تک اور چینی فی کلو 87  پیسے مہنگی ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دال ماش کی قیمت میں فی کلو4 روپے، دال مسورفی کلو 20 پیسے، گڑ فی کلو 1 روپے 21 پیسے، دال مونگ 52 پیسے، بکرے کا گوشت 9 روپے 40 پیسے فی کلو اور بیف کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے کا اضافہ ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 24 روپے ،پیاز کی فی کلو قیمت میں 29 روپے اور زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 60 روپے تک کمی آئی۔ اسی طرح 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 114 روپے، انڈے کی فی درجن قیمت میں 11 روپے تک کمی ریکارڈ ہوئی، جبکہ گھریلو سلنڈر 134 روپے 83 پیسے سستا ہوا۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لئے مہنگائی کی شرح 19.96 فیصد رہی۔

مزیدخبریں