لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) 26 سالہ ملازمہ پُراسرار طور پر ہلاک ہو گئی۔ جبکہ دوسری دس سالہ ملازمہ کو قتل کر کے نعش جلا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چونیاں کے رہائشی اسد کی شادی شدہ بیٹی علیزہ جوہر ٹاؤن میں انیس کے گھر بطور ملازمہ کام کررہی تھی۔گزشتہ روز علیزہ کی مالک انیس کے گھر کے صحن سے لاش ملی۔ جس کے منہ اور ناک سے خون نکل رہا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ پولیس نے مالک مکان انیس کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ دریں اثنا ملت ٹاؤن میں دس سالہ گھریلو ملازمہ کو مالک مکان نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا۔ پتوکی کی رہائشی گھریلو ملازمہ سلیمان نامی شخص کے گھر ملازمت کرتی تھی جس کے والد رمضان کو اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی جھلس گئی ہے۔ جب کمسن ملازمہ کے والد ہسپتال پہنچے تو بچی کی موت واقع ہو چکی تھی۔ پولیس کے مطابق بچی کو نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا اور لاش جلا کر معاملے کو دوسرا رُخ دینے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے مالک مکان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔