جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ٹیم کی جانب سے عید استقبالیہ منعقد 

لند ن -عارف چودھری 

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ٹیم نے اتوار 21  اپریل 2024 کو چیئرپرسن جے کے ایس ڈی ایم آئی (چیشائر) نینا رانیہ خان کی رہائش گاہ پر عید استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر اینڈریو گوائن ایم پی و چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار، ماجد ڈار کونسلر مانچسٹر اور دیگر نے شرکت کی۔ میئر آف چیشائر راڈ فلیچر، میئر آف سیلفورڈ اور کونسلر آف سیلفورڈ، میئر آف تیم سائیڈ تفہین شریف، بولٹن کے میئر راجہ محمد ایوب، راچڈیل کے ڈپٹی میئر شکیل احمد، راچڈیل کے میئر شکیل احمد، بری کے ڈپٹی میئر خالد حسین، کونسلرایلیسن گیوین، کونسلر شہباز عارف بری، کونسلر نائلہ شریف چیئر پرسن JKSDMIUK، روبینہ خان چیئرپرسن JKSDMI گریٹر مانچسٹر، ثمینہ خان چیئرپرسن بزنس اینڈ پروفیشنلز فورم نارتھ آف انگلینڈ، خان متین خان، ذیشان عارف صدر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی، یاسمین عالم انفارمیشن سیکرٹری JKSDMI، مہوش جاوید،ممبرJKSDMI ایگزیکٹو کمیٹی، مانچسٹر کے تاجر رہنما نوید دین، زارا دین، -راجہ محمد اسحاق -سلطان خان -روشن خان -عاطف ریاض چودھری میڈیا کے نمائندگان غلام مصطفیٰ مغل، محمد عارف چودھری، راجہ واجد خان، ہارون احمد، عاطف اور دیگر معززیننے شرکت کی۔ نینا رانیہ خان نے اپنی جانب سے اس پر تکلف عشائیہ میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اوران کا شکریہ ادا کیا۔  جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے تمام شرکاء￿  کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے  غیر قانونی قبضہ سے آگاہ کیا۔ شرکاء￿  کو مقبوضہ جموں و کشمیر ریاست کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور خاص طور پر بھارتی عام انتخابات کا تذکرہ کیا جسے پوری دنیا کے کشمیریوں نے ماننے سے مکمل طور پر انکار کر رکھا ہے۔راجہ نجابت حسین نے سیاستدانوں سے کہا کہ وہ کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت کریں اور مسئلہ کشمیر کو ہر قومی و بین الا قوامی فورم پر اْٹھائیں اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں۔ راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادیں موجود ہیں جن کی روشنی میں کشمیری قوم کو حق خودارادیت دلانے کے لیے پوری دنیا کشمیریوں کا ساتھ دے اور اس سلسلہ میں عملی اقدامات کئے جائیں۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گیوین ایم پی نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطینیوں کے لیے ایک زبردست حمایتی تقریر کی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان و آزادجموں وکشمیر میں بہت کچھ دیکھا ہے اور وہ خود اس بات کے عینی شاہد ہیں کہ کشمیر کا خطہ حقیقت میں دنیا میں ایک جنت کی حیثیت رکھتا ہے اور دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں بند ہونی چاہییں اور کشمیر جیسے دنیا کے خوبصورت ترین اور پر امن لوگوں کے خطے کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی کوئی عالمی توجہ نہیں دی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں مگر عالمی برادری کی خاموشی تاحال سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دنیا کے تمام ممالک مسئلہ کشمیر کی جانب خصوصی توجہ دیں اور اس مسئلے کا فوری اور پائیدار حل نکلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر بہت افسوس ہے کہ تا حال مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو ان کا بنیاد ی حق خود ارادیت دے اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ لارڈ میئر یاسمین ڈار اور راجہ نجابت حسین نے عشائیے کی میزبانی پر نینا رانیہ خان کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ٹیم کے اراکین اور دوسروں  نے ریاست جموں و کشمیر کے مسئلہ کے لیے آواز اٹھانے کے لیے برطانیہ، یورپ اور پوری دنیا میں خواتین، نوجوانوں اور عالمی اداروں سے کشمیریوں سے یکجہتی کرنے کی اپیل کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق فوری طور پر پائیدار بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔برطانیہ کے مشہور سنگر جوگا سنگھ نے اپنی آواز کا جادو جگایا-

ای پیپر دی نیشن