ہلال احمرپاکستان کی خدمات اور جذبہ خیر سگالی قابل ستائش ہے،مراکشی سفیر

Apr 27, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار ) مراکش کے پاکستان میں سفیر محترم محمد کرمون نے کہا ہے کہ انسانیت کو زندہ رکھنے،انسانیت کی فلاح و بہبود اور قدرتی آفات و سانحات  سے متاثرہ لوگوں کے لئے ہلال احمر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔مراکش باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے،دونوں ممالک کی نیشنل سوسائٹیز نے انسانیت کو اولیت دے کر ثابت کیا ہے کہ انسانیت سب سے مقدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری سے مراکش ایمبیسی میں ملاقات کے دوران کیا۔اس ملاقات میں سیکرٹری جنرل ہلال احمر عبید اللہ خان بھی موجود تھے۔سردار شاہد احمد لغاری نے سفیر محترم محمد کرمون کو ہلال احمر پاکستان کے سیلاب  متاثرہ علاقوں میں جاری منصوبوں سے متعلق تفصیل سے بتایا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریکوری کے مرحلہ میں متعدد سرگرمیاں جاری  ہیں جن میں زرائع معاش کی فراہمی،ماڈل شیلٹر ہاوسز کی تعمیر،عوامی بیت الخلا کی تعمیر،صحت عامہ کی سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی مستقل  بنیادوں پر فراہمی شامل ہے۔سردار شاہد احمد لغاری نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر روابط کے فروغ  سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔سرمایہ کاری کیلئے خوشگوار ماحول بنے گا۔ملاقات میں طے پایا کہ مراکش ریڈ کریسنٹ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے مابین تعاون اورباہمی تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت مراکش کے دیگر امدادی اداروں،تنظیموں کے ساتھ روابط کوفروغ دیا جائے گا۔مراکش کے سفیر محترم محمد کرمون نے سردار شاہد احمد لغاری کو دورہ مراکش کی دعوت دیتے ہوئے اس امر کی یقین دھانی کرائی کہ ہلال احمر پاکستان کی انسانیت کے لئے خدمات میں بھر پور حصہ ڈالا جائے گا۔انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے ہر ممکن کردار کی یقین دھانی کرائی۔ ملاقات کے دوران مراکش کے سفیر نے ہلال احمر نیشنل ہیڈ کوارٹرز کا  جلددورہ کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے محترم محمد کرمون کو ہلال احمر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

مزیدخبریں