اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قر العین نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیرتعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے ملاقات کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان فرق، اور تعاون، ریسرچ، تکنیکی تعلیم اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوان وفاقی وزیر تعلیم نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں کا کہنا تھا کہ اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان خلیج کو ختم کرنا ہمارا بڑا مشن ہے۔ اس معاملے میں نوجوانوں کو جدید ترین آئی ٹی مہارتیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ ان کی مسلسل ترقی پذیر ملازمت کے بازار میں مطابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انڈسٹری اور یونیورسٹیوں کو مل کر تحقیق اور تعاون کے ذریعے ملکی مسائل کے حل کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم اور تکنیکی تجربہ رکھنے والے افراد کی دنیا بھر میں مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیشہ ورانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا بہت اہم ستون ہیں اور ہنرمند خواتین کو ترقی کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، سیاست، مذہب اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے تمام مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہو۔
حکومت اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے،خالد مقبول صدیقی
Apr 27, 2024