اسلام آباد+لاہور+ایپوہ (نیوز ایجنسیاں) سابق اولمپئنز نے پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشیاءکپ میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے خلاف کامیابی سے ٹیم کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔ ٹیم کو آئندہ میچوں میں بھی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا۔ قومی ہاکی ٹیم کے تمام شعبے ٹھیک ہوئے ہیں اور ان میں کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان کے اہم مقابلے ابھی باقی ہے انہیں غلطیوں سے اجتناب کرنا ہوگا۔ ایشیاءکپ جیتنے کی صورت میں ہی پاکستان ورلڈ کپ ہاکی کے لئے کوالیفائی کر سکتا ہے۔ اس لئے ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے کیونکہ قوم کی نظریں قومی ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کے دونوں میچوں میں کامیابی اور ایونٹ میں سیمی فائنل تک رسائی پاکستان کے لئے خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل اور فائنل میں کامیابی پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ ایونٹ میں کامیابی کی صورت میں ہی پاکستان ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔ منصور احمد نے کہا کہ ایشیاءکپ میں قومی ٹیم نے تمام شعبوں میں بہتری لائی ہے اور ان کے تمام شعبے ٹھیک ہوئے ہیں وہ توقع رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم جس طرح کارکردگی دکھا رہی ہے وہ ٹائٹل جیت سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہاکی سے بہت لگاﺅ رکھتے ہیں اور پوری قوم کی نظریں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مرکوز ہیں اس لئے ٹیم کو آئندہ میچوں میں اسی طرح کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ سابق اولمپئن سمیع اللہ نے کہا کہ ایشیاءکپ میں ملائیشیا کے خلاف قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی پاکستان کو جاپان کے خلاف بھی اس طرح کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے کھیل میں مزید بہتری اور نکھار آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہا ایشیاءکپ میں پاکستان کو جیت کا تسلسل جاری رکھنا ہوگا کیونکہ یہ ایونٹ پاکستان کے لئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اہم مقابلے ابھی باقی ہیں اور انہیں غلطیوں سے اجتناب کرنا ہوگا۔ سابق اولمپئن راﺅ سلیم ناظم نے کہا کہ اگر ٹیم اسی طرح متحد کھیلی تو وہ بآسانی ایشیاءہاکی کپ میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دونوں میچوں میں قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ میچوں میں بھی پاکستانی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کرے گی۔قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ اختر رسول نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل ہوگا¾ ایسا ممکن ہونے کی صورت میں خطے میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی وجہ سے ایک دوسرے کے ملک میں جاکر کھیلنے میں مسائل ہوں تو کرکٹ کی طرح نیوٹرل وینیوز پر بھی مقابلوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ امید ہے ٹیم اسی پرفارمنس کے تسلسل کو اگلے میچوں میں جاری رکھے گی¾ قوم کو ورلڈکپ میں رسائی کی خوشخبری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی اس ایونٹ میں کامیابی کےلئے پُرجوش ہیں۔ ایشیاءکپ میں جیت سے پاکستان ہاکی کے مستقبل کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں کا امتزاج ہے اور ان میں کسی بھی مضبوط ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپئن طاہر زمان قومی کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کیلئے بطور کوچ تعینات کیا تاکہ وہ کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے کر ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زماں نے کہا کہ جاپان اور میزبان ملائیشیا کے خلاف میچوں میں کامیابی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ میں جیت کے باوجود ٹیم کو اپنی غلطی کا احساس ہے۔ اگلے میچز زیادہ سخت ہوں گے، ہمیں زیادہ بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔
کارکردگی قابل ستائش ہے ‘ پاکستان ہاکی ٹیم ایشیا کپ جیت لے گی : ہیڈ کوچ سابق اولمپیئنز
Aug 27, 2013