ایشیئن ویمن ہاکی چیلنج کپ کی تیاریاں جاری ‘ ٹیم 29 اگست کو بنکاک جائے گی

Aug 27, 2013

اسلام آباد (اے پی پی) ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ زور و شور سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں گذشتہ روز بھی جاری رہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ کی سینئر نائب صدر اور ٹیم منیجر پروین سکندرگل نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں 18 خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جن میں آمنہ میر، نادیہ کاظم علی، رضوانہ یاسمین، ماریہ سعید، عشرت عباس، نادیہ کاظم علی، عصمہ اشرف، آمنہ میر، شاہدہ رانا، ذکیہ نواز، مریم منشا، نفیسہ انور، حنا کنول، مدیحہ منظور، اقصیٰ ممتاز، عمبرین ارشد، شکریہ رشید، ماریہ صابر، افشاں نورین اور اقرا جاوید شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کھلاڑیوں کو ہیڈکوچ محمد عثمان تربیت دے رہے ہیں اور تربیتی کیمپ کے دوران ایشین گیمز کے کوالیفائنگ راﺅنڈ میں پیش آنے والی کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرکے ان پر قابو پانے کی کوشش کی جاری رہی ہے، پینلٹی کارنر، ڈیفنس کے شعبہ اور کمبی نیشن بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم یکم سے 8 ستمبر تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلے جانے والے ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ میں شرکت کرے گی اور اس سلسلے میں ٹیم 29 اگست کو لاہور سے بنکاک رووانہ ہوگی۔ ایشین ہاکی چیلنج کپ ٹورنامنٹ میں 6 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان ، میزبان تھائی لینڈ، سنگاپور، سری لنکا، کمبوڈیا اور میانمار شامل ہے۔ میچز سنگل لیگ کے بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میںچھ میچ کھیلے گا۔ پاکستان اپنا پہلا لیگ میچ سری لنکا کے خلاف یکم ستمبرکو، دوسرا سنگاپور کے خلاف 2 ستمبر کو، تیسرا کمبوڈیا کے 4 ستمبر کو، چوتھا میانمار کے خلاف 5 ستمبر کو جبکہ پانچواں اور لیگ کا اپنا آخری میچ 7 ستمبر کو میزبان تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ پوزیشن میچز 8 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں