امریکہ شام میں مداخلت بند کرے، خودبخود امن قائم ہو جائیگا: عوامی حلقے

Aug 27, 2013

لاہور (کلچرل رپورٹر) شام میں امریکی جارحیت پر عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کی تباہی کا اہتمام کر رہا ہے۔ اقبال ٹاﺅن کے رہائشی حسن ندیم نے کہا ہے کہ امریکہ شام میں کھلی جارحیت کر رہا ہے جس کے نتیجے میں معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ امریکہ دنیا بھر میں خود دہشت گردی کر رہا ہے اور اس کا الزام مسلمانوں پر لگا رہا ہے۔ مغل پورہ کے رہائشی عبدالحفیظ نے شام میں امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ فوری طور پر شام میں مداخلت بند کر دے، خود بخود امن قائم ہو جائے گا۔ جوہر ٹاﺅن کے رہائشی جاوید مرزا نے کہا ہے کہ شام امریکی جارحیت کے باعث حالات شہری جنگ عظیم کی طرف جا رہے ہیں اگر ایسا ہوا تو اس تباہی کی ذمہ داری امریکہ پر ہو گی۔ شاہدرہ کے رہائشی شہزاد نے کہا کہ امریکی حکام دنیا کے مختلف فورمز امن کا راگ الاپتے تھکتے نہیں مگر خود دنیا بھر کا امن تباہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ امریکہ کو چاہئے کہ ہوش کے ناخن لے اور دوسرے ملکوں میں مداخلت کا سلسلہ بند کر دے۔

مزیدخبریں