لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار نے قومی کرکٹ کو ترقی دینے اور مسائل سے دور رکھنے کے لئے مزید چار کمیٹیاں گرائونڈ کمیٹی، غیر قانونی بائولنگ ایکشن، امپائرز ایولیشن کمیٹی اور میچز آبزرور کمیٹی شامل ہیں کے عہدیداران اور ممبران کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گراونڈ کمیٹی میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز، جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اور اعجاز فاروقی ممبر گورننگ بورڈ شامل ہیں۔ غیر قانونی بائولنگ ایکشن کی روک تھام کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی میں اقبال قاسم ممبر گورننگ بورڈ، محمد اکرم بائولنگ کوچ این سی اے، مشتاق احمد سپن بائولنگ کوچ، علیم ڈار آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر اور ڈارکٹر سہیل سلیم سینئر جی ایم سپورٹس میڈیشن شامل ہیں جبکہ علیم ڈار کی عدم دستیابی پر احسن رضا کمیٹی کی نمائندگی کرینگے۔ ملک میں امپائرنگ کے معیار کو جانچنے کے لئے امپائر ایولیشن کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں اقبال قاسم ممبر گورننگ بورڈ، شکیل شیخ ممبر گورننگ بورڈ، ہارون رشید ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ، سلیم بابر آئی سی سی امپائر کوچ اور ثاقب عرفان مینجر یو آر اور ڈومیسٹک کوآرڈینیٹر آفیسر شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے مختلف سنٹرز پر ہونے والے میچز کو آبزرو کرنے کے لئے مختلف ناموں کا اعلان کیا جس میں اظہر خان لاہور کے لیے، سلیم جعفر کو کراچی اور حیدر آباد۔ اعجاز احمد (ساہیوال) کو ملتان اور بہاولپور، نوید لطیف کو فیصل آباد، سرگودھا اور سیالکوٹ کے لیے، کرنل (ر) نوشاد علی کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے لئے جبکہ سرفراز اختر اور ساجد شاہ کو پشاور، اسلام آباد اور ایبٹ آباد کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔