لاہور(این این آئی)آسٹریلیاکی ویمن ٹیم نے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم مسلسل تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے دی۔ برسبین کے پیٹر برج اوول میں ہونے والے تیسرے میچ میں کپتان میگ لیننگ اور نکول بولٹن کی شاندار نصف سنچریوں نے آسٹریلیا کو باآسانی مقابلہ جتوایا۔پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اور اوپنرز جویریہ خان اور مرینہ اقبال کی 41 رنز کی شراکت داری بھی ایک بڑے مجموعے کی راہ ہموار نہ کرسکی۔ خاص طور پر جویریہ کی روانگی کے بعد مرینہ اقبال کی سست رفتار اننگز نے پاکستان کی پیشرفت کو سخت دھچکا پہنچایا۔ جب مرینہ 85 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں تو 25 اوورز میں پاکستان کا اسکور محض 77 رنز تھا۔ آنے والی کھلاڑیوں میں صرف نین عابدی نے 52 گیندوں پر 43 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی۔ لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے کسی کا ساتھ میسر نہیں آ سکا۔ عالیہ ریاض 15، ندا ڈار 7 اور ثناء میر صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں اور پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 189 رنز ہی جوڑ پایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیس جوناسن نے تین جبکہ رین فیرل اور سارا کوئٹے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں آسٹریلیا کو ابتداء ہی میں الیسا ہیلی کا رن آؤٹ سہنا پڑا لیکن اس کے بعد لیننگ اور بولٹن نے 135 رنز کی فاتحانہ رفاقت قائم کی۔ لیننگ 77 گیندوں پر 78 رنز بنانے کے بعد اسماویہ اقبال کی واحد وکٹ بنیں البتہ بولٹن 93 گیندوں پر 81 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہی۔ آسٹریلیا نے 190 رنز کا ہدف محض 33 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ایلکس بلیک ویل 21 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹیں۔ پاکستان اورآسٹریلیا ویمنز ون ڈے سیریز کا چوتھا اور آخری ایک روزہ مقابلہ 28 اگست کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔