لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک سال سے عدم استحکام کی وجہ سے رواں سال بھی پاکستان سپر لیگ کا انعقاد نہیں ہو سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میگا ایونٹ کے رائٹس خریدنے کی خواہشمند پارٹیوں کی دستاویزات کو معذرت کے ساتھ واپس کر دیا۔ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان پاکستان ٹیم کی مستقبل کی مصروفیات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پہلی پاکستان سپر لیگ کا انعقاد دسمبر اور جنوری میں ہونا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے رائٹس حاصل کرنے کی دونوں خواہش پارٹیوں کی فنانشل بولی کی دستاویزات کو بغیر کھولے واپس کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گذشتہ ہفتے ہونے والے گورننگ بورڈ اجلاس میں طے پایا تھا کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان پی ایس ایل بولی جمع کرانے والی پارٹیوں سے ملاقات کرینگے۔ گذشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے لئے فنانشنل بولی جمع کرانے والی دونوں پارٹیوں ہائر اور امن فاونڈیشن کے نمائندوں سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ملاقات کی۔ چیئرمین پی سی بی نے دونوں نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا کہ رواں سال بعض وجوہات کی بنا پر پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ممکن نہیں جس کی سب سے بڑی وجہ وقت کی کمی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی شہریار نے دونوں پارٹیوں کی جانب سے بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی فنانشل اور سیکورٹی بڈز کو واپس کر دیا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کا انعقاد کرانا چاہتا ہے امید ہے کہ مستقبل میں یہ دونوں پارٹیاں سپر لیگ کے کامیاب انعقاد میں اپنا حصہ ڈالیں گی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بورڈ کوشش کر رہا ہے کہ مستقبل قریب میں میگا ایونٹ کے انعقاد کے لئے مناسب وقت تلاش کر رہا ہے جب پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ممکن ہو۔