حکومت کاروباری مفادات کے فروغ کیلئے مزید مربوط کاوشیں جاری رکھے گی: صدر ممنون

Aug 27, 2014

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں ملک میں کاروباری اور سرمایہ کاری دوست ماحول پیدا ہوا ہے۔ حکومت تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے کاروباری مفادات کے فروغ کیلئے مزید مربوط کاوشیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بات ورلڈکپ میں استعمال ہونیوالے فٹ بال برازوکا تیار کرنے والے ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ مسعود اختر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روز ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں صحتمندانہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کو ترجیح دیتی ہے اور ملک کے نوجوانوں کو اس ضمن میں سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کاوشیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل فخر ہے کہ عالمی کپ کیلئے فٹ بال پاکستانی کمپنی نے فراہم کئے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور دستیاب ٹیلنٹ کو سیاسی خطوط پر تربیت دی جائے۔

مزیدخبریں