اوکاڑہ (ثناء نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ لوگ ’’یو‘‘ ٹرن لیتے ہیں جبکہ عمران خان ’’یوں‘‘ ٹرن لیتے ہیں۔کافی راتیں جاگ جاگ کر شائد ڈاکٹر قادری کے ذہن سے نکل گیا کہ شہید کو کفن کی ضرورت بھی نہیں ہوتی اسے اسکے کپڑوں میں ہی دفنایا جاتا ہے لیکن شہید شہید ہونا چاہئے۔ احمد رضا قصوری وضاحت کریں کہ وہ اپنے ’’آقا‘‘ کے پنجرے کی بات کر رہے ہیں یا جو انکے آقا کی جگہ پر آیا اسکے پنجرے کی بات کررہے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقتولین کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت لیکن نواب اکبر بگٹی کی ایف آئی آر میں نامزد ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا۔ یہاں صحافیوں سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ’’قبر‘‘ ایک ہے اور بندے دو ہیں۔ عمران خان افتخار چودھری کے ماضی کے ’’سلام‘‘ اور حال کے ’’کلام‘‘ کا ذکر کر رہے ہیں۔ حالانکہ عمران ماضی میں مشرف کو سلام کرنے والوں میں بھی شامل تھے۔ آجکل مشرف دھرنوں کی وجہ سے خاصے ریلیکس ہیں۔