اسلام آباد(این این آئی + ثناء نیوز) تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی جانچ پڑتال کا کام مکمل کرلیا گیا، جانچ پڑتال کے بعد 31 میں سے 25 ارکان کے استعفے درست قرار پائے جبکہ چھ ارکان نے اپنے استعفے سپیکر کی بجائے پارٹی چیئرمین کو بجھوائے ہیں۔ سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے وہ ارکان کو بلا کر تصدیق کریں گے کہ انہوں نے استعفے کسی دبائو میں تو نہیں دیئے، نجی ٹی وی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا 3 ارکان گلزار احمد، ناصر خٹک ، مسرت احمد زئی کے استعفے موصول نہیں ہوئے۔ اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت جن ارکان کے استعفے سپیکر قومی اسمبلی کے نام ہیں ان سے رابطہ کرکے تصدیق کی جائے گی کہ انہوں استعفے کسی دبائو کے تحت تو نہیں دیئے جس کے بعد مزید کارروئی کی جائے گی۔ ثناء نیوز کے مطابقسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے حکومتی اتحادی جماعتوں کے قائدین مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے استعفوں کے معاملے پر مشاورت کیلئے آئینی و قانونی رائے دینے کیلئے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ اور سیکرٹری قانون و انصاف بیرسٹر ظفر اللہ سپیکر چیمبر پہنچ گئے سپیکر سردار ایاز صادق نے استعفوں کے معاملے پر ضروری آئینی و قانونی مشاورت مکمل کر لی اور قواعد و ضوابط کا جائزہ لے لیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں اس معاملے پر مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی نے سپیکر سردار ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں کی تھیں۔