پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ثناء نیوز) وزیر بلدیات خیبر پی کے عنایت اللہ نے کہا ہے حکومتی سطح پر سول نافرمانی نہیں ہوسکتی، سرکاری ادارے ٹیکس اور بجلی کے بل جمع نہ کرائیں تو یہ غداری کے مترادف ہے۔ پشاور میں جماعت اسلامی کے 73 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا سول نافرمانی کا اعلان پی ٹی آئی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ سول نافرمانی انفرادی طور پر ہوسکتی ہے، صوبائی حکومت اس پرعملدرآمد نہیں کرسکتی۔ سرکاری ادارے بجلی کے بل اور ٹیکس نہیں دیں گے تو یہ غداری تصور ہوگا۔ انکا کہنا تھا جماعت اسلامی تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک نہیں لیکن انکے آئینی مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا اٹھارہویں ترمیم کے بعد فارورڈ بلاک کا تصور ختم ہوگیا ہے۔ کوئی حکومتی رکن تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریگا تو اسکی رکنیت ختم ہوجائیگی۔