لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اسے چین جیسا مخلص دوست میسر ہے۔ چین پاکستان اور پاکستان کے عوام کے مسائل اور مشکلات کو بخوبی سمجھتا ہے اور اس کی قیادت ان مسائل کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ وہ گزشتہ روز بیجنگ میں چین اور پنجاب کے درمیان ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ معاہدے کے تحت پنجاب کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف چین کے بہترین ہسپتالوں میں تربیت حاصل کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی جمہوری حکومت کے تحت جاری ترقیاتی عمل کو چین کی حکومت کا بھرپور تعاون اور حمایت حاصل ہے۔ چین کی حکومت اور عوام دونوں پاکستان کو بغیر کسی رکاوٹ کے خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دیکھنا چاہتے ہیں۔ چین نے پاکستان کو تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا ہے اور ہم اس پر عملدرآمد کیلئے عالمی اور مقامی مشکلات کے باوجود چین کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ ترقی کا راستہ ہمیشہ سے ایک مشکل راستہ رہا ہے اور ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کی پُرعزم اور ولولہ انگیز قیادت میں محنت ، دیانت اور صبر وایثار کو بروئے کار لاتے ہوئے انشاء اللہ اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ پیشتر ازیں معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے چین کی ثقافتی ورثے کی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن جینگ ینگ نے کہا کہ یہ معاہدہ تین برس پر محیط ہوگا اور تربیت کے لئے پاکستان سے آنے والے ڈاکٹروں اور متعلقہ سٹاف کے سفر، رہائش، خوراک سمیت دیگر تمام سہولتوں کے اخراجات چین خود ادا کرے گا، معاہدے کے تحت ڈاکٹروں اور متعلقہ سٹاف کو ایمرجنسی اور انتظامی امور کے علاوہ آکو پنکچر طریقہ علاج کی تربیت بھی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چین کے بہترین ہسپتالوں میں تربیت کے حوالے سے معاہدے پر حکومت چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس پیشکش سے پنجاب کو اپنے صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں بے حد مدد ملے گی، ٹریننگ کے معاہدے پر ہم حکومت چین کے شکرگزا ر ہیں اور یہ معاہدہ پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور چین سے ہونے والا معاہدہ پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ قبل ازیںچین اور پنجاب حکومت کے درمیان بیجنگ میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔معاہدے کے تحت پنجاب کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو چین کے بہترین ہسپتالوں میں ٹریننگ دی جائے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف چین کے دورے پر گزشتہ روز بیجنگ پہنچے۔ ائیرپورٹ پر چین کے اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔ دورہ چین کے دوران انرجی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے چینی قیادت سے بات چیت ہوگی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف پاک چائنہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں‘ پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کا معاہدہ‘ جمہوری حکومت کے تحت جاری ترقیاتی عمل کو چین کی حمایت حاصل ہے: شہباز شریف
Aug 27, 2014