وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کیلئے کئی شہروں میں جلوس‘ گوجرانوالہ میں استحکام پاکستان ریلی

Aug 27, 2014

لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) وزیراعظم نوازشریف سے اظہار یکجہتی اور اسلام آباد میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے خلاف ساہیوال، پاکپتن، گجرات، چیچہ وطنی، جہلم سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز جلوس نکالے گئے جبکہ گوجرانوالہ میں استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔ ریلیوں کے شرکاء نے قومی اور پارٹی کے پرچم اور وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ گوجرانوالہ میں استحکام پاکستان ریلی چنددا قلعہ بائی پاس سے شوع ہوکے جنرل بس سٹینڈ تک نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پارٹی کے پرچم اور وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف ملک کے منتخب وزیر اعظم ہیں ان سے استعفی کا مطالبہ غیر آئینی ہے وہ ہر گز استعفی نہیں دیں گے اور پانچ سال تک عوام اور ملک کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ریلی میں سینئر راہنما غلام دستگیر خان، ایم این اے جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ، ایم این اے میاں محمد طارق، اظہر قیوم ناہرا، ایم پی ایز چودھری اشرف، رانا شمشاد احمد خان، اقبال گجر، عبدالرئوف مغل، رفاقت گجر قیصر سندھو، عمران خالد بٹ، اشرف انصاری، پیر غلام فرید، توفیق احمد بٹ اور اکمل سیف چٹھہ، مظہر جاوید، شیخ ثروت اکرام، وکلاء نمائندوںکے علا وہ ہزاروں کی تعداد میں صنعتکا روں، تا جروں اور شہر یو ں نے شر کت کی۔ اس مو قع پر مسلم لیگی کا رکن پر جو ش انداز میںاپنے قائدین کے حق میں نعرے با زی کر تے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈا لتے رہے۔ ریلی کے شر کاء سے سینئر مسلم لیگی رہنما وسا بق وفا قی وزیر غلام دستگیر خاں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خاں، وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ بیرسٹر عثمان ابراہیم و دیگر رہنمائوں نے مزید کہا کہ دھرنے دینے والوں سے پاکستان کی اقتصادی و معاشرتی ترقی برداشت نہیں ہو رہی۔ تتلے عالی سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرہ نے کہا ہے کہ 18 کروڑ عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوسکے گا۔ اس موقع پر ایم این اے اظہر قیوم ناہرہ، چودھری رفاقت علی گجر، سجاد احمد کھرل، سیف اللہ ورک، ارشد کھرل، چودھری محمد وارث نے بھی خطاب کیا۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں ہونے والی استحکام پاکستان ریلی میں شمولیت کے لئے کامونکے سے سابق ایم این اے رانا نذیر احمد خاں، رانا شمشاد احمد خاں جبکہ تتلے عالی سے سیف اللہ ورک کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلہ گیا۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے مسلم لیگی پرچم اور میاں نواز شریف کے پورٹریٹ اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے مقامی ایم پی اے چودھری محمد اشرف وڑائچ کی قیادت میں ’’استحکام پاکستان‘‘ ریلی نکالی گئی۔ ریلی قلعہ دیدار سنگھ سے شروع ہوکر عالم چوک سے ہوتی ہوئی گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس سے جاملی۔ اشرف وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند ہزار افراد کا 20 کروڑ عوام کے منتخب اور محبوب وزیراعظم میاں نواز شریف سے استعفیٰ مانگنا ایک مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔ علاوہ ازیں ساہیوال، گجرات، پاکپتن، چیچہ وطنی اور جہلم میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

مزیدخبریں