قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت نیب سے 3 ہفتوں میں جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیا کی درخواست ضمانت پر نیب سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس سردار نعیم احمد نے قاسم ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم قاسم ضیا کے وکیل الیاس خان نے موقف اختیار کیا کہ نیب کو دیوانی نوعیت کے مالی تنازعات میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے مگر اس کے باوجود نیب نے کئی برس پرانے ایک مالی تنازع میں قاسم ضیا کو گرفتار کر لیا ہے، قاسم ضیاء کا علی سکیورٹی کمپنی کے ساتھ حصص کا کاروبار تھا جس میں سے ساڑھے تین کروڑ کمپنی کو ادا کر چکے ہیں۔ نیب کا 8 کروڑ روپے غبن کا الزام بے بنیاد اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے مترادف ہے لہذا قاسم ضیا کی درخواست منظور کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے نیب پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن