لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دنیا کی کسی بھی عدالت میں یہ ثابت کر سکتا ہوں کہ کراچی آپریشن جانبدار ہے۔ نائن زیرو پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کیا گیا۔ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے تو خدمت خلق فائونڈیشن کے خلاف کارروائی کیوں کی گئی۔ کیا اے پی سی کا مینڈیٹ تھا کہ صوبائی حکومت کو بائی پاس کیا جائے۔ کیا دہشت گردی کے علاوہ کرپشن کی تحقیقات کا مینڈیٹ بھی دیا گیا تھا۔ کرپشن کے کیسوں میں صرف کراچی یا صوبہ سندھ سے گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ کچھ لوگ آپریشن کا رخ غلط سمت میں موڑ رہے ہیں، آرمی چیف نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کا کل بھی حامی اور خیرخواہ تھا، آج بھی ہوں، میں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں۔