اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکی کے نائب وزیراعظم علی بابا جان کو ٹیلیفون کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور بالخصوص ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دیگر رکن ممالک کے اشتراک سے ایک مشترکہ حلقہ کے طورپر ملکر کام کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے نئے بینک کی آئندہ کی آپریشنل پالیسیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اپنی پالیسی اور موقف کو ان سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ان کی خدمات اور تعاون پر مبنی ان کے مثبت کردار کو سراہا۔ امریکی سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سرانجام دینے میں تعاون کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پا کستان میں مالیاتی استحکام اور شاندار اقتصادی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
اسحاق ڈار/فون
اسحاق ڈار کا ترکی کے نائب وزیراعظم کو فون دونوں ملکوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق امریکی سفیر کی وزیر خزانہ سے الوداعی ملاقات
Aug 27, 2015