کوئٹہ + بنوں+ کوہاٹ (بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقہ تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں مزید 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو تربت میں سوشل ویلفیئر کے ملازم عبدالمجید اور اس کا دوست راشد علی تربت سے گوادر اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ گلنگور کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے جبکہ کلاتون کے علاقے سے ایک خاتون کی گولیوں سے چھلنی نعش ملی ہے۔ ادھر خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مکان سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں 45 دستی بم، 19 راکٹ لانچر، 17مارٹر گولے، تیس کلو بال بیرنگ، آٹھ کلو بارودی مواد، دو مائنز اور اٹھارہ سو گولیاں شامل ہیں۔ ادھر بنوں میں سکیورٹی فورسز نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ایف آر بکا خیل میں 30 کلو وزنی بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر سوئی کے علاقے ڈیرہ درہمن نالہ، رستم دربار میں ایف سی نے سرچ آپریشن کیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں اہم کمانڈر چیلادیش بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد 26 اگست کو تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔ سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کئی خفیہ ٹھکانے اور کیمپوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔ علاوہ ازیں کوہاٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات برآمد کر کے 54 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف، چار رپیٹر، تین رائفل اور منشیات برآمد کرکے تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی نائن میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے افغان انٹیلی جنس کے 2 اہلکاروں سمیت 40 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں اہلکار طالبان سے رابطے کر کے ملک میں تخریب کاری کر رہے تھے۔ گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ آن لائن کے مطابق پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں’’را‘‘کے ساتھ ساتھ افغان انٹیلی جنس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے ،وفاقی پولیس ورینجرز نے اسلام آباد کے پوش سیکٹر کراچی کمپنی میں چھاپہ کے دوران خفیہ افغان ایجنسی کے 2 ایجنٹوں سمیت 40مشتبہ افغانیوں کو حراست میںلے لیاہے ،دو افغان انٹیلی جنس افسروں کو مزید کارروائی کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے جنہوںنے ابتدائی طورپر پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیاہے ۔ذرائع کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے جی نائن سیکٹر میں وفاقی پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میںغیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے گرفتار بیالیس افراد میں سے دو کاتعلق افغان انٹیلی جنس افسران کے طورپر ہواہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے غنڈی میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 4 دہشت گردوں کی نعشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر کے گھر پر چھاپہ مارکر 3 بھائی گرفتار کرلئے۔ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ ادھر کوئٹہ میں سول ہسپتال سنجاوی کے انچارج ڈاکٹر محبت خان خلیجی کو قتل اور ہسپتال کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔