واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ہڑتال، مظاہرے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان) واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال، مظاہرے کئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں بھی نجکاری کے خلاف ہزاروں محنت کشوں نے ریلی نکالی اور لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے محکمہ بجلی کی نجکاری نہ کرنے کے لئے بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ مہنگائی، بے روزگاری، نجکاری، لوٹ کھسوٹ اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے اعلان کیا بجلی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور بجلی قومی صنعت، زراعت، تجارت کی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لئے قومی معیشت میں انجن کا درجہ رکھتی ہے لیکن حکومت کھربوں روپے مالیت کے قومی اثاثوں کا مئوثر انتظامی نظام نافذ کرنے کی بجائے اسے واپڈا کے کنٹرول سے نکال کر سیاسی بنیادوں پر نجی ارکان بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ملکیت بنا دیا ہے۔ حکومت کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نج کاری کے ناکام تجربے سے سبق سیکھے۔ نجی تھرمل پاور ہائوسوں سے 25 تا 30 روپے فی یونٹ مہنگی بجلی خریدنے کی بجائے جنگی بنیادوں پر ہائیڈل پاور سٹیشنوں سے سستی بجلی پیدا کی جائے جس سے عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں۔ ادارہ میں فوری اصلاحات کا نفاذ کرکے اسے واپڈا یا پیپکو کے مکمل کنٹرول میں دے اور بجلی چور مافیا کا محاسبہ کرکے کارکنوں کو کام پر بجلی چوروں و غنڈہ عناصر کے خلاف تحفظ فراہم کرے۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیا وہ محنت کشوں کے قومی مفاد میں جائز مطالبات کے حل کے لئے جلد باہمی میٹنگ منعقد کریں۔ حکومت نے ان کے جائز مطالبات پر توجہ نہ دی تو کارکن ملک بھر میں تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر آئی اے رحمان سیکرٹری جنرل انسانی حقوق کمشن آف پاکستان نے اعلان کیا بجلی کی مجوزہ نجکاری عوامی مفاد کے خلاف ہو گی۔ حکومت یکطرفہ اقدامات کی بجائے اسے قومی اسمبلی اور سینٹ میں زیر بحث لائے۔ سید تنظیم حسین نقوی نے اعلان کیا کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کارپوریشن کی نجکاری کا خود حکومت اور نیپرا بھی اعتراف کر چکی ہے۔ بزرگ قانون دان عابد حسن منٹو نے ایک خصوصی پیغام میں محکمہ بجلی کے محنت کشوں کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کی کال پر حافظ آباد میں واپڈا کے تمام سب ڈویژنوں کے ملازمین نے نجکاری کے خلاف مکمل ہڑتال کرتے دفاتر کی تالہ بندی کی۔ صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ ملک شفقت محمود اور سیکرٹری عبدالرزاق مغل نے کہا واپڈا کی نجکاری ملازمین کا معاشی قتل ہے جسے وہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی نج کاری کے خلاف و دیگر مسائل برسوں سے حل نہ کرنے پر واپڈا ملازمین نے مکمل ہڑتال کی اور دفاتر کی تالہ بندی کی گئی۔ زونل سیکرٹری سہیل محمود نے یونین کے عہدیداران، لیبر و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا واپڈا ملازمین کسی صورت غیرملکی ایجنڈا کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ محکمہ کی پرائیویٹائزیشن میں اتنا نقصان ملازمین کا نہیں جتنا کہ عوام کو پہنچے گا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ، فیصل آباد، چناب نگر، چیچہ وطنی میں بھی ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کی۔ فیصل آباد میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سی بی اے کی کال پر فیسکو کے ہزاروں مزدوروں اور آفیسرز نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف بھر پور ہڑتال کی، احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق واپڈا کی نجکاری کے خلا ف انجینئرنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان واپڈا ہائیڈ روالیکٹرک ورکرز یونین نے گیپکو ہیڈ کو ارٹر آفس کی تالہ بندی کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یونین نے گیپکو ہیڈ کو ارٹر کی تالہ بندی کر کے واپڈا کی نجکا ری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر واپڈا کی نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر انجینئرنگ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل نفیس اور جنرل سیکرٹری رانا عتیق، پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل وائس چیئرمین اخلاق احمد چیمہ اور ریجنل سیکرٹری ولی الرحمن خان نے خطاب کرتے کہا حکومت ایک منافع بخش ادارے کی نجکاری کر کے ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل کرنا چاہتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...