لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ نے اپنی پارٹی کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا اور اس کی بجائے مسلم لیگی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کو فوقیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت ق لیگ کے رہنمائوں کا اجلاس ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے بارے میں چودھری شجاعت کو مکمل اختیار دے دیا گیا۔ اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کے مجوزہ دورہ کراچی کو زیربحث لایا گیا اور اس دورے میں سابق صدر پرویز مشرف، پیر پگاڑا اور سید غوث علی شاہ کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایم ظفر، ڈاکٹر خالد رانجھا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیر الدین شریک تھے۔