کراچی آپریشن انجام تک پہنچنا چاہئے، متنازع بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن پر کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کرنا چاہئے اور اسے ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے، مجرم خواہ کسی جماعت یا گروہ سے تعلق رکھتا ہو، اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ کراچی میں آپر یشن پر شور مچا کر اسے متنازعہ بنانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں پاکستان کی شہ رگ ہے۔ لندن میں لارڈ نذیر احمد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکہ نے مسلم ممالک میں عوام کی منتخب حکومتوں کو بھی چلنے نہیں دیا اور انہیں غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے اقتدار میں آنے سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرسی مصری عوام کے ہر دلعزیز صدر تھے مگر فوجی ڈکٹیٹر نے ان کے اقتدار پر قبضہ کرکے انہیں اور ان کے ہزاروں ساتھیوں کو جیلوں میں بند کر دیا مگر امریکہ اور نام نہاد عالمی قوتیں نہ صرف خاموش رہیں بلکہ جنرل سیسی کی مکمل پشت پناہی کی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں تحریک اسلامی کے ہزاروں کارکنان کو صرف اس لئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑ رہی ہیں اور ان کی قیادت کو پھانسیوں پر لٹکایا جا رہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کو توڑنے کی مخالفت کی تھی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اقتدار پر قابض حکمرانوں کی کرپشن سے ملکی معیشت کھوکھلی ہو چکی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت و مشقت کرکے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جبکہ حکمران قومی خزانے کو لوٹ کر وہی روپیہ بیرونی بنکوں میں جمع کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہزار ارب روپے سالانہ کی ہونیوالی کرپشن پر قابو پا لیا جائے تو پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ضرورت نہ پڑے اور عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں مفت حاصل ہوں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے تاکہ وہ قومی معاملات میں بھرپور شرکت اور ملک میں دیانتدار اور اہل قیادت کے انتخاب میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...