لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ انرجی سیکٹر کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دے کیونکہ اس سے اس شعبے میں نئی سرمایہ کاری آئے گی ، بجلی کی پیداوار بڑھے گی ،صنعت و تجارت اور عوام کو بجلی سستے داموں میسر ہوگی۔ ایک بیان میں سید محمود غزنوی نے کہا کہ صنعتکار، تاجر اور عوام بجلی کے بھاری بلوں سے بہت ب±ری طرح پریشان ہیں کیونکہ مبینہ طور پر حکومت انرجی سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسز عائد کررہی ہے جو کسی طرح بھی ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک کے تمام حصوں کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا دلانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے ورنہ نہ صرف صنعتیں بند اور بے شمار لوگ بے روزگار ہونگے بلکہ برآمدات کو بھی دھچکا لگے گا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ اگر بجلی کے بحران کی وجہ سے صنعتی پہیہ رک گیا اور تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہوگئیں تو سرکاری محاصل میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور صنعتی بندش ہمیشہ لاقانونیت اور انتشار کو جنم دیتی ہے لہذا لیسکو زمینی حقائق کو سمجھے اور صنعت کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی ترجیحات ازسرنو مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی آرڈرز بروقت پورے کرنے کے لیے صنعت کو بجلی کی مسلسل فراہمی بہت ضروری ہے لیکن بجلی کے سنگین بحران کی وجہ سے صنعتکار اپنے آرڈرز پورے کرنے سے قاصر ہیں۔