پشاور (این این آئی) وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ اگرعمران خان اور ان کی پارٹی کراچی غربی کی ایک وائس چیئرمین شپ کیلئے پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں سے اتحادکر سکتی ہے تو کیا وہ وزارت عظمیٰ کیلئے مودی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، بقول عمران خان کہ نواز شریف اگر موٹروے تعمیر کرتے ہیں، میٹرو بس سروس شروع کرتے ہیں توکمشن کیلئے کرتے ہیں مگرخان صاحب خود 16 ارب روپے کی بجائے 40ارب روپے کی موٹروے بنانے پرایک ماہ تک دھمال ڈالتے ہیں اور سرکاری وسائل سے اشتہاری مہم چلاتے ہیں تاہم موٹروے کا منصوبہ 16 ارب سے بڑھا کر باقی 24ارب پرکس کے اکائونٹ میں جائینگے۔ تحریک انصاف والے دوغلے پن اور قول وفعل میںتضادکے کیپٹن بنے ہوئے ہیںجنہیںکل کا کیا دھرا آج یاد نہیں رہتا، خان صاحب جس الیکشن کمشن کو ماننے سے انکاری ہے پھر اسی الیکشن کمشن میں مدد کیلئے ریفرنسز دائر کرتے ہیں۔ عمران خان خود کیلئے جو چیز حلال سمجھتے ہیں دوسروں پر وہ حرام قرار دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں لوگوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انجینئر امیرمقام نے نوشہرہ کیلئے سوئی گیس اور بجلی کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔
تحریک انصاف والے دوغلے پن، قول و فعل میں تضاد کے کیپٹن بنے ہوئے ہیں: امیرمقام
Aug 27, 2016