حکمران سفید ہاتھی ہیں اپنے ہی بوجھ تلے روندے جائیں گے: طاہر القادری

Aug 27, 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی تنقید کا جواب دینا ہو تو وزیر اعظم کے الفاظ اور اعتماد اور طرح کا ہوتا ہے، پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہو تو انکا لب و لہجہ ٹھنڈا اور نرم ہوتا ہے۔ حکمران سفید ہاتھی ہیں، یہ اپنے ہی بوجھ تلے روندے جائیں گے، حکمران خاندان کے خلاف بے گناہوں کو قتل کروانے اور ملکی دولت کو لوٹنے کے حوالے سے کرپشن کیسز اور نا اہلی کی درخواستیں زیر سماعت ہیں، ان کے نامہ اعمال میں 2014 سے بھی زیادہ جرائم شامل ہو چکے ہیں۔ احتجاج کا پہلا مرحلہ 28اگست کو مکمل ہو گا دوسرے رائونڈ کا اعلان پوری دنیا سنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتجاجی تحریک کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر شہدائے ماڈل ٹائون کا خون قرض ہے اس قرض کی مکمل ادائیگی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت ٹف ٹائم میں داخل ہو چکی، کرپٹ اور قاتل حکومت کی بیساکھیاں بننے والے بھی انجام کو پہنچیں گے۔

مزیدخبریں