نئی دہلی (اے ایف پی) بھارت میں بے حسی اور انسانیت کیلئے باعث شرم ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ ریاست اڑیسہ میں بھارتی ورکرز کی جانب سے ایک بوڑھی خاتون کو چادر میں بندھی نعش بانس کے ساتھ باندھ کر لے جانے کی ویڈیو نے ایک بار پھر دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت میں غریب بڑھیا کی نعش کیلئے ایمبولینس دستیاب نہ ہو سکی اور دو ورکرز نے نعش کو اٹھانے کیلئے بانس سے باندھ لیا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک شخص ٹرین کی زد میں آ کر مرنیوالی 80 سالہ معمر خاتون کے کولہے کی ہڈیاں توڑ رہا ہے اور اسے کسی ملبے کی طرح چادر میں لپیٹ کر بانس کے ساتھ بندھ رہا ہے۔ اس سے قبل اڑیسہ میں ہی ایک روز قبل ایک شخص کو پیسے نہ ہونے کی بنا پر اپنی بیوی کی نعش اٹھا کر 10 کلومیٹر پیدل چلنا پڑا تھا۔ اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پتناٹک نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ انتہائی پریشان کن واقعات ہیں، ہم انکوائری کر رہے ہیں اور نعشوں کو منتقل کرنے کیلئے ایمبولینسوں کی دستیابی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے پوری ریاست میں فری تابوت گاڑی کی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے ریاست کے سرکاری ہسپتالوں کی جانب سے میتوں کی منتقلی کیلئے ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔