حکمران کرپشن سے توبہ کر لیں‘ عوام کھڑے ہو گئے تو امریکہ‘ برطانیہ میں بھی پناہ نہ ملے گی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار پر قابض کرپٹ حکمرانوں نے قیام پاکستان کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچنے دیئے۔ قومی خزانے کو لوٹ کر آف شور کمپنیاں اور لندن دبئی اور فرانس میں محل تعمیر کرنے والوں نے عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کی سہولتوں سے محروم رکھا اور خود ان کے ٹیکسوں پر عیش و عشرت کرتے رہے۔ جب تک لٹیروں کا یہ ٹولہ اسلام آباد میں بیٹھا ہے ملک ترقی کرسکتا ہے نہ غریب عوام کو عزت کی روٹی نصیب ہو سکتی ہے۔ الطاف حسین دشمن کی گود میں بیٹھ کر میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرر ہے ہیں۔ الطاف حسین نے پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دینے اور ہجرت کرنے والوں کو چیلنج کیا ہے۔ برطانیہ الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرے، پاکستان کے بیس کروڑ غیرت مند عوام اسے مردہ باد کے نعروں کا جواب دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے کچہری چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، میاں مقصود احمد، ڈاکٹر سید وسیم اختر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جمشید دستی بھی موجود تھے ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں تکمیل پاکستان کشمیر مارچ عام خاص باغ سے کچہری چوک پہنچا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سراج الحق نے مزید کہاکہ عوام حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ ان کے پاس کھربوں روپے اور آف شور کمپنیوں کے لیے پیسہ کہا ں سے آیا ۔لندن اور دبئی میں جائیدادیں بنانے والے کہتے ہیں کہ احتساب کی بات چھوڑو اس سے جمہوریت کو خطرہ ہے جبکہ غریب حکمرانوں کے گریبان پکڑ کر ان سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم نے کرپشن کے خلاف عدالت عظمیٰ کا دروازہ اس امید پر کھٹکھٹایا ہے کہ ملک سے لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خاتمے کے لیے عدلیہ اپناکردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کو جب تک اقتدار سے نکال کر جیلوں میں بند نہیں کیاجاتا، پاکستان کے حالات نہیں سدھر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کا استحصال ہو رہا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت کے ادارے ہیں نہ عوام کو پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے ۔ حکمران بتائیں کہ جنوبی پنجاب کے فنڈز کہاں استعمال ہو رہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم ایسا کمیشن چاہتے ہیں جو سب سے وزیراعظم اور ان کے بعد سراج الحق، زرداری او ر عمران خان سمیت سب کا احتساب کرے ۔کمیشن نہ صرف کرپشن کی تحقیقات کرے ، بلکہ کرپشن ٹولے کے لیے سزائیں بھی تجویز کرے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں دیانتدار قیادت آ جائے تو ملک مسائل کی دلدل سے نکل آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکمران کرپشن سے توبہ کرلیں ، اگر عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو حکمرانوں کو امریکہ اور برطانیہ میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...