اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے ملک بھر میں 30 اعلیٰ معیاری جدید ہسپتال تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم کو ان کے صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدام کے پیش نظر یہ تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں ملک میں موجود صحت کے انفراسٹرکچر کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 1970ء میں پاکستان میں فی ہزار افراد کے لئے 0.5 بستر 2005ء میں 0.7 جبکہ 2015ء میں یہ شرح 0.61 اور 2016ء میں 0.62 ہے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں تین ہسپتال بنانے کی منظوری دی جس میں سے ہر ایک 600 بستر پر مشتمل ہوگا۔ اڑھائی اڑھائی سو بستروں پر مشتمل 20 ہسپتال اور 500 بستر پر مشتمل 10 ہسپتال ملک بھر میں بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں صحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں آبادی کے تناظر میں صحت کی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ مجوزہ ہسپتال 18 ماہ میں تعمیر ہونگے۔ وزیر اعظم نے راولپنڈی میں زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں اس ہسپتال کو 8 ماہ میں مکمل کیا جائے۔ اس ہسپتال کیلئے فنڈز کی منظوری وزیر اعظم نواز شریف پہلے ہی دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں مزید 2 ہسپتالوں کے قیام کیلئے جگہ کی بھی منظوری دیدی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 بستروں پر مشتمل 4 سے 5 ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کروں گا۔