اسلام آباد (صباح نیوز)مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے ڈو مور کے جواب میں امریکہ کو نو مور کہنے کا وقت آ گیا، اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے سے افغانستان میں امن نہیں آ سکتا، بھارت کو افغانستان میں کردار دینے سے خطے کا سٹریٹجک توازن بگڑ جائے گا۔ ایک انٹرویو میں ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان نے اربوں ڈالر پرائی جنگ میں جھونک دئیے، 70 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا، بدلے میں کیا ملا؟ الزامات! وقت آ گیا ہے کہ ڈو مور کے جواب میں امریکہ بہادر کو نو مور کہہ دیا جائے۔مشیر قومی سلامتی نے واضح کیا کہ امریکہ اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر دنیا کو گمراہ تو کر سکتا ہے لیکن اس سے افغانستان میں امن نہیں آ سکتا، خود امریکہ کے اتحادی بھی تنگ آ چکے ہیں اور افغان مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ناصر جنجوعہ نے بھارت کو افغانستان کے حالات میں خرابی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ بھارت کو کردار دینے سے خطے کا سٹریٹجک توازن بگڑے گا۔ مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو افغان مسئلے کے حل کے لئے میدان میں آنا چاہئے۔
امریکہ کو ”ڈو مور“ کے جواب میں ”نو مور“ کہنے کا وقت آگیا: ناصر جنجوعہ
Aug 27, 2017