اسلام آباد+ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی شاہانہ اخراجات کی روایات ختم کی جائیں حکمرانوں کو عوام کے لئے مثالی ہونا چاہئے۔ عوام نے حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ عوام کو ہم سے تبدیلی کی امید ہے اور ہم تبدیلی لا کر دکھائیںگے، وزراءمیرٹ اور گڈ گورننس یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گڈگورننس اور سادگی کو یقینی بنانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو روڈ میپ جاری کر دیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام وفاقی اور صوبائی وزرا عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچائیں اور سادگی اختیار کریں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر نعیم الحق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق روڈ میپ پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ اجلاس میں ادارہ جاتی کرپشن کے خاتمے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، اینٹی کرپشن اور فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر)کو متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کی سطح پر سالانہ کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، یہ رپورٹس قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ میں پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کرپشن ثابت ہوگئی تووزرا کو وزارت اور پارٹی رکنیت سے ہٹا دیا جائے گا۔ سادگی مہم سے متعلق اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماﺅں نعیم الحق، فیصل جاوید، افتخار درانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کفایت شعاری، سادگی مہم ملک بھر میں پھیلائیں گے۔ پیسہ عیاشیوں پر نہیں قوم پر خرچ ہو گا۔
وزیراعظم
تبدیلی لا کر دکھائیں گے‘ پیسہ عیاشیوں نہیں قوم پر خرچ ہو گا‘ وزیراعظم‘ گڈگورننس کیلئے روڈمیپ جاری
Aug 27, 2018