لاہور /اسلام آباد(خبر نگار/وقائع نگار خصوصی) تحریک پاکستان کے کارکن، ایم ایس ایف کے بانی رکن، سینیٹر آصف سعید کرمانی کے والد احمد سعید کرمانی گزشتہ روز قضائے الٰہی سے لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کا جنازہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ شادمان سے اٹھایا گیا اور نماز جنازہ جنازگاہ میانی صاحب بہاولپور روڈ پر ادا کی گئی۔ بعدازاں انہیں قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم احمد سعید کرمانی کی نماز جنازہ میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، اراکین اسمبلی وحید عالم خان، ملک پرویز، بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، خواجہ سلمان، ملک ندیم کامران، سابق ڈپٹی میئر اصغر بٹ، شعیب نیازی، مہر کلیم ایڈووکیٹ، اعظم بٹ، شاہد رشید، مرزا صادق جرال، طارق آفندی اور دیگر نے شرکت کی۔ احمد سعید کرمانی بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم کے قریبی ساتھی اور معمار نوائے وقت مجید نظامی کے دوست تھے۔ ایم ایس ایف کے بانی رکن تھے اور ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے انہوں نے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا۔ وہ 1947-1943 تک پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سیکرٹری رہے۔ 1945ءسے 1947ءکے دوران تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لینے والے اس جوشیلے نوجوان کو دو مرتبہ جیل بھیجا گیا۔ قیام پاکستان کی اس 7 سالہ جدوجہد میں وہ ایک پرجوش نوجوان قائد کے طور پر مقبول ہوئے۔ وہ قائداعظم کے بہت قریب تھے اور براہ راست ان سے احکامات لیتے تھے۔ پاکستان کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان کے بنائے مسلم لیگ کے الیکشن ٹربیونل کے ممبر بنائے گئے۔ وہ 1948ءسے 1988ءتک مسلم لیگ کے کونسل ممبر رہے۔ وہ 1965ءسے 1988ءتک مسلم لیگ کی روکنگ کمیٹی کے ممبر رہے۔ 1951ءسے 1958ءتک ممبر مغربی پاکستان اسمبلی رہے۔ اسی دوران وہ سیکرٹری مغربی پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹری پارٹی رہے۔ 1962ءسے 1966ءتک وہ ممبر مغربی پاکستان اسمبلی اور وزیر خارجہ، اطلاعات، ایکسائز ٹیکسیشن اور وزیر ریلوے رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں 1974ءمیں مصر اور شمالی یمن میں پاکستانی سفیر مقرر کیا۔ وہ 1977ءتک وہاں تعینات رہے۔ 1980-81 میں وہ لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رہے۔ وہ 2002ءمیں نظریہ پاکستان فورم کے پیٹرن بنائے گئے اور تاوقت رخصت اس عہدے پر فائز رہے۔ انہیں تحریک پاکستان کیلئے خدمات پر گولڈ میڈل دیا گیا۔ احمد سعید کرمانی سپریم کورٹ کے وکیل رہے۔ احمد سعید کرمانی کی رسم قل کل بروز منگل بعد نماز عصر لبرٹی مارکیٹ کے سامنے مرکزی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ دریں اثناءقائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر آصف کرمانی سے انکے والد احمد سعید کرمانی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا، سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے بھی سینیٹر آصف کرمانی سے تعزیت اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
احمد سعید کرمانی