میانوالی(نامہ نگار ) جے یو پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری صاحبزادہ سید محمد صفدر شاہ،سماجی رہنما قاضی محمد اکرم اور مقصود احمد کے ہمراہ پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی ثنا ء اللہ خان مستی خیل اور ایم پی اے سردارمحمد سبطین خان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع انہوں نے دونوں منتخب ممبران اسمبلی کو پی ٹی آئی کی وفاق ،پنجاب اور کے پی میں حکومتیں بننے اور شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ملکی اور علاقائی سیاست پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کیلئے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو رکوانا موجودہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور پاکستان میں 295.cکو موثر انداز میں قائم رکھنا ہوگا انہوں نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پوری امت مسلمہ سخت غم وغصہ میں ہے اس لیے پی ٹی آئی کی حکومت یہ مسئلہ موء ثر انداز میں اٹھانا چاہے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ثناء اللہ خان مستی خیل ،ممبر صوبائی اسمبلی سردار محمد سبطین خان نے صاحبزادہ سید محمد صفدر شاہ گیلانی کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پنجاب اسمبلی میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرارداد مذمت کی منظوری دی ہے جبکہ ہالینڈ کے سفیر دفتر خارجہ میں طلب کرکے اس مسئلے پر شدید احتجاج بھی کیا ہے اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پرائمری جماعت سے لیکر ایف اے تک تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قراردے دی ہے ۔