کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی۔ پیپلزپارٹی کے سابق وزیر مظفر شجرہ اور قادر بخش کلمتی پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ سابق ڈپٹی سپیکر باری جیلانی بھی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ تینوں رہنمائوں نے تحریک انصاف کی فردوس شمیم نقوی کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ فردوس شمیم نے کہا کہ حاجی مظفرشجرہ کو بہت نرم دل اور دیانت دار انسان پایا۔ مظفر شجرہ نے کہا کہ عزت کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں‘ امید ہے عزت ملے گی۔ قادر بخش کلمتی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کو مسائلستان بنا دیا ہے۔ عبدالباری جیلانی نے کہا کہ اب تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پیپلزپارٹی کے ترجمان نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق صوبائی وزیر مظفرشجرہ کو پیپلزپارٹی سے نکال دیا گیا تھا اور عبدالباری پیپلزپارٹی کا حصہ نہیں رہے۔
کراچی: پیپلزپارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے رہنما تحریک انصاف میں شامل
Aug 27, 2018