اعتزازاحسن پی پی اور مولانا فضل دیگر اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار نامزد

Aug 27, 2018 | 10:48

ویب ڈیسک

اسلام آباد: مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ پڑ گئی اور پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جب کہ دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوار بنانے کی مخالفت کی جب کہ دیگر جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد کا مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کچھ دیر بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے  کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے اپنےکاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے، ان کے ہمراہ شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور خورشید شاہ سمیت دیگر رہنما بھی تھے۔ 

ن لیگ نے صدارتی امیدوار کیلئے اپوزیشن کے سامنے یوسف رضا گیلانی کا نام رکھ دیا
یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد صدارتی انتخاب کے لیے مشترکہ امیدوار لانے میں ناکام ہوگیا اور اس سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس بھی بے سود رہی۔ 

پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے پر ڈٹ گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب صدر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈاکٹر عارف علوی سندھ ہائیکورٹ میں اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اور 4 ستمبر کو نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔

مزیدخبریں