اسلام آباد(اے پی پی) سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون کے حوالے سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔چین پاکستان کے طول و عرض میں پھیلے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے بے شمار منصوبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہا ہے، اس وقت کئی چینی کمپنیاں پاکستان میں آئل اینڈ گیس، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، پاور جنریشن، انجنیئرنگ، آٹو موبائلزاور انفراسٹرکچر اینڈ مائننگ کے شعبوں پر کام کر رہی ہیں۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہوگا۔ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے۔پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام سے پاکستان کے برآمدی شعبہ میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہوں گے اور ان زونز کی تعمیر سے مقامی صنعت بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔