اسلام آباد‘ راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہ کرکے انہیں قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ آصف زرداری، فریال تالپور سے ملاقات کے بعد راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو کوئی سزا نہیں ہوئی، عمران نے اپنے مخالفین کو بغیر سزا کے قید کر رکھا ہے، نیازی فاشسٹ ہے جومیڈیا اورجمہوریت پرحملہ کررہا ہے، مخالفین کی خواتین کو بھی گرفتار کررہا ہے، عمران کی بھول ہے انہیں اندازہ نہیں کہ پیپلز پارٹی ہر آمر سے ٹکرائی ہے۔ ہم نے یہ سب ماضی میں بھی دیکھا ہے، زرداری کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں ہورہا، ہم اس پر عدالت جائیں گے، اگر ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں ہوتا اور جو لوگ اس پر عمل نہیں ہونے دے رہے، اگر زرداری کی صحت کو کچھ ہوا تو یہی نامزد لوگ قصور وار ہوں گے۔ فریال ہسپتال میں موجود تھیں، انہیں رات غیر قانونی طریقے سے جیل لایا گیا، اب ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جارہے ہیں۔ نیازی نہ صرف سیاسی مخالفین کو نشانہ بنارہے ہیں بلکہ خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں، ہماری ثقافت اور دین ہمیں خواتین کا احترام سکھاتا ہے، عمران نے چادر اور چار دیواری کو بھی پامال کردیا ہے۔ عمران نیازی سیاسی مخالفین کے ساتھ ایسی حرکتیں کرکے سوچ رہے ہیں کہ وہ ہمیں توڑ دیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے، ہم نے اس ملک کو نسلیں دی ہیں، ہم اس کٹھ پتلی کے دباؤ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہر فورم پر نیازی کو بے نقاب کریں گے۔ سب کچھ ماضی میں برداشت کیا، جو ظلم یہ عوام کے ساتھ کررہے ہیں ہم یہ برداشت نہیں کریں گے، ہر محاذ پر ان سے لڑیں گے، ان کا ہر نعرہ جھوٹا اور ہر وعدہ جھوٹا ہے، ہر بات پر یوٹرن لے لیا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ مخالفین کو جیل میں رکھ دیا تو وہ کرپشن کا مقابلہ کررہے ہیں، وہ اس پر عوام کو بے وقوف بناسکتے ہیں، سب کچھ ایک تماشا ہے، عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے، ان کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے۔ میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا، کٹھ پتلی سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے، پی پی کسی بھی پریشر میں نہیں آئے گی، اس کٹھ پتلی کے ہتھکنڈوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اپوزیشن کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نیازی صاحب کو ہر محاذ پر بے نقاب کریں گے۔ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو ہسپتال بھیجنے کا کہا حکومت انکاری ہے۔ پیپلزپارٹی نے ایوب خان، یحییٰ خان، ضیاء الحق اور مشرف کو بھگایا یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے۔ نئے پاکستان میں کرپشن کیوں ختم نہیں ہورہی، غریب عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔ عمران خان نے ٹرمپ سے مل کر کشمیر پر سودے بازی کی۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر ہم سے چھین لیا ہے۔ پہلے یہ کہتے تھے سری نگر بھارت سے کیسے لیں، اب عمران حکومت میں آنے کے بعد کہتے ہیں کہ مظفرآباد کو کیسے بچائیں۔