موڑکھنڈا (نامہ نگار) دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ، مخالفین نے فائرنگ کر کے کار سوار پانچ افراد کو قتل کر دیا۔ مقتولین ایک ہی خاندان کے بتائے جاتے ہیں۔ مقتولین سمیت آٹھ افرادپر دو ماہ قبل محمد بوٹا کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ پولیس نے اپنی تفتیش میںتین افراد کو گز شتہ روز بے گناہ قرار دے کر فارغ کیا تھا۔ قاتل اور مقتول پارٹی ایک ہی خاندان کی بتائی جاتی ہیں۔ بوٹا گروپ کے افراد نے تعاقب کر کے چوک موڑکھنڈا میں مخالفین کوفائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فریقین کے درمیان زرعی اراضی کا تنازعہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دو ماہ قبل نواحی گائوں ڈھڈیاں میں صلابت گروپ نے چند ایکڑ زرعی زمین کے تنازع پر اپنے قریبی رشتہ دار محمد بوٹا بھٹی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جس کے مقدمہ میں پولیس نے آٹھ افراد کوگرفتار کرتے ہوئے تفتیش شروع کی تو پولیس نے اپنی تفتیش میں ریاست سمیت دیگرتین افراد کو گزشتہ روزبے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا اور آج مقتولین مانگٹانوالہ پولیس کو بے گناہی کے اشٹام پیپر دے کر واپس اپنے گائوں دھڈیاں جا رہے تھے کہ چوک موڑکھنڈا میںگھات لگائے بوٹا گروپ کے افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر لیاقت علی، بشیر احمد اور ارشد سمیت پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ علاقہ بھر میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، دکانداوں اور راہگیروں نے دکانوں کے اندر چھپ کر جانیں بچائیں۔ ڈی پی او ننکانہ صاحب فیصل شہزادے میڈیا کوبتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انشااللہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
موڑ کھنڈا: دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل
Aug 27, 2019