اسلام آباد+بیارٹز (سپیشل رپورٹ+نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے ہی ان کی ثالثی کی پیشکش کو ایک بار پھر مسترد کر دیا۔ فرانس کے شہر بیارٹز میں جی سیون کانفرنس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم مودی کے درمیان سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ مودی نے انہیں بتایا کہ کشمیر میں صورتحال قابو میں ہے۔ ہماری گزشتہ رات کشمیر پر بات ہوئی تھی، وزیراعظم مودی سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک اسے حل کرسکتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان سے بات کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ کچھ کرلیں گے جو بہت اچھا ہوگا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان اپنے اختلافات آپس میں حل کریں گے۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم مودی نے ایک بار پھر ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا اور ٹرمپ کے سامنے ہی ان کی ثالثی کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل دوطرفہ ہیں اس لیے کسی تیسرے ملک کو تکلیف نہیں دینا چاہتے۔ مودی نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد میں ہی کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان نے غربت کے خلاف اکٹھے لڑنا ہے اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت باہمی طور پر مسئلہ کشمیر کو حل کر سکتے ہیں، تاہم ہم ان دونوں ممالک کی مدد کے لیے موجود ہیں اور میں اس معاملے میں حاضر ہوں۔ ہم نے گزشتہ رات اسی معاملے پر بات کی ہے، مجھے امید ہے کہ بھارتی وزیراعظم اپنے پاکستانی ہم منصب سے بات کریں گے اور دونوں بہتر نتیجے پر پہنچیں گے، کیونکہ دونوں ممالک اپنے طور پر مسئلہ حل کرسکتے ہیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق نریندر مودی کا کہنا تھا کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان تمام مسائل دوطرفہ نوعیت کے ہیں، اسی لیے کسی تیسرے ملک کی مداخلت کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان 1947 سے قبل ایک ساتھ تھے، تاہم امید ہے کہ ہم ساتھ بیٹھ کر اپنے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ بھارت اور پاکستان کسی بیرونی مداخلت کے بغیر ہی کشمیر کا حل تلاش کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ امریکی صدر کے بقول وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کی بھارتی وزیراعظم مودی کی ملاقات پر وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کشیدگی کم کرنے کیلئے پاک بھارت مذاکرات پر زور دیا۔