قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی زرداری کو ہسپتال منتقل نہ کرنے پر وضاحت طلب

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل نہ کیے جانے پر وضاحت طلب کرلی۔انہوںنے اس پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب سے وضاحت طلب کی ہے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب وضاحت دیں کہ آصف علی زرداری کو ہسپتال کیوں نہیں منتقل کیا جا رہا ہے،سابق صدر آصف علی زرداری بیک وقت قلب، ہائی بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہیں، ڈاکٹروں کی ٹیم نے آصف علی زرداری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا کہا ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم کی رپورٹ کے باوجود آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل کیوں نہیں کیا جا رہا ہے؟ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق میڈیکل ٹیم کی تجویز پر عمل درآمد کرنا جیل حکام پر لازم ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی، سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت ا ور میڈیکل رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور ہسپتال شفٹ کیا جائے۔ ڈاکٹروں کے مطابق آصف علی زرداری کو ہر وقت طبی نگرانی اور علاج کی ضرورت ہے جو صرف ہسپتال میں ممکن ہے۔ انہوںنے کہا حکومت پیپلز پارٹی سے سیاسی انتقام لینابند کرے۔

ای پیپر دی نیشن