کراچی (نیوز رپورٹر )سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی حکومت کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی سہولت فراہم نہ کئے جانے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے روپ میں ملک میں سول آمریت مسلط ہے سابق صدر آصف علی زرداری کو میڈیکل چیک اپ کی اجازت نہ دینا قانون اور انسانی حقوق دونوں کی خلاف ورزی ہے۔سندھ کے مشیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ نازی حکومت کسی زعم میں نہ رہے حکومتیں آنی جانی شے ہیں یہ اقتدار کا نشہ جلد ختم ہوجائیگا انہوں نے کہا کہ سابق صدر کی طبیعت ناساز ہے انہیں ہسپتال میں چیک اپ کی اجازت نہ دینا قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے جب ملک کا آئین طبی سہولت کی اجازت دیتا ہے تو پی ٹی آئی سرکار کو کس بات کا خدشہ ہے نازی حکومت پر آمریت کی دْھن سوار ہے۔سلیکٹڈ حکومت جان لے سابق صدر کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو اسکی زمہ دار صرف اور صرف وفاقی حکومت ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی سہولیات فراہم کرے جو انکا آئینی اور قانونی حق ہے۔
حکومت آصف زرداری کو فوری طبی سہولتیں فراہم کرے، مرتضیٰ وہاب
Aug 27, 2019