وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کے فضائی حدود کو معطل اور بھارت کی افغانستان سے تجارت کے لیے پاکستانی سرزمین کے استعمال پر مکمل پابندی زیر غور ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ‘وزیراعظم، بھارت کے لیے فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے اور بھارت کی افغانستان سے تجارت کے لیے پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے پر غور کررہے ہیں اور کابینہ اجلاس میں بھی یہ تجویز زیر غور آئی تھی’۔
تجاویز کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ان فیصلوں کے لیے قانونی معاملات زیر غور ہیں’۔
ٹویٹر میں اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی اقدامات پر انہوں نےکہا کہ ‘مودی نے شروع کیا تھا، ہم ختم کریں گے’۔
PM is considering a complete closure of Air Space to India, a complete ban on use of Pakistan Land routes for Indian trade to Afghanistan was also suggested in cabinet meeting,legal formalities for these decisions are under consideration... #Modi has started we ll finish!
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 27, 2019
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بیان جاری کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پر اعتراض کیا گیا جس پر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کابینہ اراکین کو بین الاقوامی قوانین سے متعلق بریف کیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ فضائی حدود استعمال پر پابندی عائد نہیں تھی اس لیے مودی نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی۔