کشمیر کے حل کیلئے دنیا کو”ڈومور“ کرنا ہوگا،پوری قوم جمعے کو کشمیر سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی: فردوس اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو مسئلہ کشمیر سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد میں لیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے ارکان نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے سے متعلق بھرپور اعتماد کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کےعوام کی آواز بن چکےہیں اور کابینہ نے 30 اگست بروز جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم کے فیصلے کی توثیق کی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 30 اگست کو 12 بجے 30 منٹ کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول طلبہ و طالبات کشمیر کاز کا حصہ بن کر اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیرکے حل سے متعلق ڈومور کرنا ہوگا کیونکہ بھارت کی وجہ سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کا حوالہ دتیے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں باور کرایا کہ کشمیریوں کے ساتھ کوئی ہو نہ ہو لیکن پاکستانی حکومت اور عوام ساتھ کھڑے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال پر فوکل گروپ قایم کیا جا چکا ہے، اس میں اپوزیشن کے مشاہد اللہ اور نوید قمر شامل ہیں، وزیر اعظم کشمیریوں کی آواز بن چکے ہیں، کشمیریوں کے لیے پوری قوم کا نکلنا دنیا کے لیے پیغام ہے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے
فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بتایا کہ ایک شہر سے دوسرے شہر والی بسوں میں معذور افراد کے لیے مخصوص نشست کو لازمی قرار دے دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہنڈی کی حوصلہ شکنی کے لیے ڈاک خانوں کے ذریعے بیرون ملک سے ترسیلات زر پر عائد فیس ختم کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی 15 سے 20 ریال بچانے کے لیے ہنڈی کے ذریعے ترسیلات زر بھیجتے تھے تاہم اب وہ بینک کے ذریعے رقم منتقل کرسکیں گے جس کوئی فیس نہیں ہوگی‘۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیالکوٹ میں 70 سالہ تاریخی مندر اور پشاور میں قدیم گردوارے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے 75 سالہ بزرگوں کے لیے فری ٹکٹ کی سہولت ختم کرکے سال میں 4 فری ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے 38 ٹرینیں چلائی اور 37 لاکھ لیٹر تیل کی بچت کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’محکمہ ریلوے میں تیل کی چوری کے سدباب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جس کے باعث لاکھوں لیٹر تیل کی بچت ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کی وزارت کو باور کرایا کہ خواجہ سراؤں سے متعلق خصوصی اقدامات اٹھائے اور ان کے لیے روز گار کے مواقعے فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے خواجہ سراؤں کو ہر وزارت میں ملازمت دینے سے متعلق وزارت انسانی حقوق سے تجاویز طلب کی ہیں۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ غریب قیدیوں کے جرمانے کی رقم ادا کرنے کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بچوں کی فحش ویڈیو بنانے والوں کے خلاف موثر قانون سازی کی ہدایت کی۔

فردوس عاشق اعوان نے ’عمران خان لیگل ایڈ ہیلپ لائن‘ لائن سے متعلق آگاہ کیا کہ متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت مستحق افراد کو مفت قانونی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایت کو دور کرنے کے لیے اسلام آباد میں ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دیگر صوبوں میں بھی اسی طرح کے پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے‘۔
 فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 30 سرکاری اداروں کے سربراہان کا تقرر شفاف انداز میں کیا گیا ہے، کابینہ نے ’’وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘  کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اب اس کا نام ’’وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام‘‘ ہوگا، اس کے علاوہ گیس اور بجلی کے بل جمع کرانے کی مدت 7 دن سے بڑھا کر 15 دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس کو بجلی چوروں کے خلاف کارروائی سے متعلق ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن